صلاح الدین محمود

صلاح الدین محمود کا شمار جدید نظم کے ممتاز شاعروں میں ہوتا ہے۔ وہ لاہور کے ادبی حلقوں کی متحرک شخصیت تھے۔ صلاح الدین محمود 26 جولائی 1934 ء کو دہلی میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد پروفیسر محمدعمر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں فلسفے کے استاد تھے۔ صلاح الدین محمود نے بھی علی گڑھ مسلم یو نیورسٹی سے انجینئر نگ کی تعلیم حاصل کی اور قیام پاکستان کے بعد لاہور میں سکونت اختیار کی۔ وہ پرانی وضع اور شرافت کا جیتا جاگتا نمونہ تھے۔ ان کی شستہ گفتگو، رکھ رکھاؤ اور جامہ زیبی ایک مثال سمجھی جاتی تھی۔  60ء کی دہائی میں جدیدیت کے رجحان کے تحت لکھنے والوں میں صلاح الدین محمود بھی پیش پیش تھے۔ انہوں نے آزاد نظم کے ساتھ ساتھ نثری نظم کو بھی اظہار کا وسیلہ بنایا۔ ان کا نام ان شعراء کی فہرست میں شامل ہے جنہوں نے اول اول نثری نظم کو اختیار کیا۔ صلاح الدین محمود کا شعری مجموعہ ’’ کشف قرص الوجود ‘‘کے نام سے اور ان کا سعودی عرب کا سفر نامہ ” خاک حجاز کے نگہبان“ کے نام سے شائع ہوا تھا۔ انہوں نے کچھ عرصہ مشہور ادبی جریدے سویرا کی ادارت بھی کی ۔ صلاح الدین محمود کی وفات 1998 میں  لا ہور میں ہوئی اور  گلبرگ کے قبرستان میں آسودہ ٔخاک ہیں۔